صلواۃ اتسبیح
صلاه التسبيح بھی نفل نماز ہے اور اس نماز کا بھی بہت ثواب ہے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے چچا محترم حضرت عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے فرمایا اے چچا! کیا میں آپ کو عطاء نہ کروں؟ کیا میں آپ کو بخشش نہ کروں؟ کیا میں آپ کو نہ دوں؟ کیا میں آپ پر احسان نہ کروں ؟ دس خصلتیں ہیں جب آپ کریں تو اللہ تعالی آپ کے گناہ بخش دے گا۔ اگلے، پچھلے ،نئے، پرانے ،جو بھول کر کیے ،جو جان کرکیے ،چھوٹے، بڑے،پوشیدہ ،ظاہر۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صلاۃ التسبیح کی تعلیم فرمائی اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر آپ سے ہو سکے تو ہر روز ایک بار پڑھ لیں اگر روزانہ نہ پڑھ سکیں تو ہر جمعہ میں ایک بار پڑھ لیں اگر یہ بھی نہ پڑھ سکیں تو ہر مہینے میں ایک بار پڑھ لیں اگر یہ بھی نہ پڑھ سکیں تو سال میں ایک بار پڑھ لیں اگر یہ بھی نہ ہو سکے تو عمر میں ایک بار پڑھ لیں۔ ( ابوداؤد شریف مشکوۃ شریف)
صلوۃ تسبیح پڑھنے کا طریقہ:. حضرت عبداللہ ابن مبارک رضی اللہ تعالی عنہ سے ترمذی شریف میں اس طرح منقول ہے کہ تکبیر تحریمہ ( اللہ اکبر) کہہ کر ہاتھ باندھ لیں اور ثناء (سبحانك اللهم وبحمدك وتبارك اسمك وتعالى جدك ولا اله غيرك) پڑھیں پھر 15 بار یہ تسبیح (سبحان الله والحمد لله ولا اله الا الله والله اكبر) پڑھیں پھر اعوذ باللہ، بسم اللہ، سورہ فاتحہ اور کوئی چھوٹی سورت پڑھ کر دس بار یہی تسبیح پڑھیں پھر رکوع کریں اور رکوع کی تسبیح کے بعد یہی تسبیح دس بار پڑھیں پھر رکوع سے سر اٹھائیں اور سمع اللہ لمن حمدہ ربنا لک الحمد کہہ کر دس بار یہ تسبیح پڑھیں پھر سجدے میں سجدے کی تسبیح کے بعد دس بار یہ تسبیح پڑھیں پھر سجدے سے سر اٹھا کر جلسہ میں دس بار یہ تسبیح پڑھیں پھر دوسرا سجدہ کریں اور سجدے کی تسبیح پڑھ کر دس بار یہی تسبیح پڑھیں اور اسی طرح چار رکعت مکمل کریں ۔ دو رکعت کے بعد التحیات میں بیٹھنا واجب ہے۔اگر سجدہ سہو کے سجدے کرنے پڑیں تو ان سجدوں میں یہ تسبیح نا پڑھیں ہر رکعت میں 75 بار اور چار رکعتوں میں تین سو بار پڑھی جاتی ہے اگر کسی جگہ بھول کر تسبیح نہ پڑھی تو دوسرے رکن میں پڑھ لیں کہ مقدار پوری ہوجائے تسبیح انگلیوں پر نہ گنی جائیں بلکہ دل میں یا انگلیاں دبا کر تسبیح کا شمار کریں ( ترمذی شریف) |
0 تبصرے